ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راہل گاندھی کی 'نیائے یاترا' 23 اکتوبر سے دہلی میں ہوگی شروع

راہل گاندھی کی 'نیائے یاترا' 23 اکتوبر سے دہلی میں ہوگی شروع

Tue, 08 Oct 2024 17:01:21    S.O. News Service

نئی دہلی، 8/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)جموں و کشمیر اور ہریانہ میں اسمبلی انتخابات مکمل ہونے کے بعد کانگریس کی توجہ اب دہلی پر مرکوز ہو گئی ہے، جہاں اگلے سال کے آغاز میں اسمبلی انتخابات متوقع ہیں۔ کانگریس نے ان انتخابات کی تیاری کا آغاز کرتے ہوئے 23 اکتوبر سے 'نیائے یاترا' نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس یاترا میں راہل گاندھی کے ساتھ پرینکا گاندھی اور پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے بھی شرکت کریں گے۔

 جانکاری کے مطابق تہواروں کو ذہن میں رکھتے ہوئے 4 مرحلوں میں 'نیائے یاترا' نکالی جائے گی۔ پہلے مرحلہ کی یاترا 23 سے 28 اکتوبر کے درمیان ہوگی۔ اس کے بعد دیوالی تہوار کو دیکھتے ہوئے قریب ایک ہفتہ کا فاصلہ رکھا گیا ہے کیونکہ اس وقت لوگ اپنے اپنے تہوار میں مصروف رہیں گے۔ دوسرا مرحلہ 4 نومبر سے شروع ہوگا جو 10 نومبر تک چلے گا۔ 12 سے 18 نومبر تک تیسرے اور 20 سے 28 نومبر تک چوتھے مرحلے کی 'نیائے یاترا' نکلے گی۔

کہا جا رہا ہے کہ 'نیائے یاترا' کے دوران کانگریس پارٹی دہلی میں بی جے پی کے تین بار سے جیت رہے اراکین پارلیمنٹ کی ناکامی کے بارے میں بتاتے ہوئے اسی کو اپنا موضوع بنائے گی۔ ساتھ ہی کانگریس عوام کو شیلا دکشت حکومت کے دور کو یاد دلاتے ہوئے مودی حکومت، لیفٹیننٹ گورنر اور عام آدمی پارٹی کے جھگڑے پر بھی حملہ آور ہوگی۔

حالانکہ کانگریس پارٹی نے یہ صاف کر دیا ہے کہ مرکزی طور پر عام آدمی پارٹی انڈیا اتحاد کا حصہ بنی رہے گی۔ کانگریس ترجمان آلوک شرما نے کہا کہ دہلی انتخاب کو لے کر پارٹی اعلیٰ کمان نے فیصلہ لیا ہے کہ پنجاب اور ہریانہ کی طرز پر راجدھانی میں کانگریس اکیلے انتخابی میدان میں اترے گی۔ یہاں تک عام آدمی پارٹی کے ساتھ کوئی بھی اتحاد نہیں ہوگا۔

ویسے موجودہ وقت میں دہلی کی سیاسی فضا بدل چکی ہے۔ حال ہی میں عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے استعفی دیا ہے۔ اس کے بعد آتشی کو دہلی کی کمان سونپی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑتے ہوئے کیجریوال نے کہا تھا کہ اب عوام جب انہیں پھر سے منتخب کریں گے تب ہی وہ وزیر اعلیٰ کی کرسی پر بیٹھیں گے۔ وہیں سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے پاس بھی کوئی عہدہ نہیں ہے۔ واضح ہو کہ فروری 2025 میں دہلی قانون ساز اسمبلی کی مدت کار ختم ہونے والی ہے۔


Share: